ایواکاڈو میں صحت و تندرستی کو بہتر بنانے کی خصوصیات بھی بڑی تعداد میں
پائی جاتی ہیں۔ ذیل میں ایواکاڈو کی غذائی و شفائی خصوصیات کے بارے میں تفصیل سے بیان کیا جا رہا ہے۔
دل کے لیے نہایت فائدہ مند
ایواکاڈو میں قدرتی پلانٹ اسٹرول جو بیٹا اسٹیرول کہلاتا ہے بڑی تعداد میں موجود ہوتا ہے۔ اس کا باقاعدگی سے استعمال دل کی صحت کو درست رکھنے اور صحت بخش کو لیسٹرول کو متوازن سطح پر بر قرار رکھنے میں مددگار معاون کا کردار ادا کرتا ہے۔
آنکھوں کے لیے بہترین
ایواکاڈو کی اجزائے ترکیبی میں دونہایت ہی فائدہ مند فائٹو کیمیکل لوٹین اور زینسنتھن کی خصوصیات وافر مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔ یہ قدرتی کیمیائی اجزاء اینٹی آکسیڈنٹ کی خوبیوں کے حامل ہوتے ہیں جو آنکھوں کو نقصان پہنچانے والی ضرر رساں شعاعوں بشمول الٹراوئلیٹ ریز سے تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایواکاڈو مونوسیچو ریٹڈفیٹی ایسڈ کی خصوصیات پر مشتمل ہوتا ہے اور اس میں انتہائی فائدہ مند اور اثر انگیز حل پذیر فیٹ کو جذب کرنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے مثلاََ بیٹا کیروٹین۔ اس کے علاوہ ایواکاڈو میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو کہ آنکھوں کی صحت اور بینائی کے
لیے نہایت فائدہ مند مددگار ثابت ہوتے ہیں
اوسٹیو پروسس سے حفاظت
ایک بڑے سائز کا آدھا ایواکاڈو روزانہ کی مقررہ غذائی مقدار کا تقریباََ 25 فیصد وٹامن K فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، یہ غذائی جز ہڈیوں کو طاقت و مضبوطی پہنچانے والے نہایت ضروری جز کی اہمیت رکھتا ہے۔ کیلشیم اور وٹامن D کے مقابلے میں ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے حوالے سے وٹامن K کو کم اہمیت دی جاتی ہے جبکہ مناسب مقدار میں وٹامن K کی خصوصیات پر مشتمل خوراک غذا میں شامل کرنے سے آپ اپنی ہڈیوں کو طاقتور بنانے میں معاونت فراہم کریں گی اور اس کے ساتھ ہی کیلشیم کو جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو جاتا ہے اور یورین کے ذریعہ کیلشیم کا اخراج بھی بہت کم ہو جاتا ہے۔
کینسر سے محفوظ
ایواکاڈو کے اجزائے ترکیبی میں قدرت نے غذائیت بخش اجزاء کی خاصیت کو ٹ کوٹ کر بھر دی ہے جس میں نہایت توانائی بخش فولیٹ کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ جوکہ خواتین میں بڑھتے ہوئے بریسٹ کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں معاون مددگار کا کرد ار ادا کرتا ہے۔ روزانہ کی غذائی روٹین میں باقائدگی سے فولیٹ کی خصوصیات پر مشتمل خوراک کا استعمال کرنا قولون، آنتوں وپیٹ اور لبلبہ کے کینسر کے خلاف حفاظت فراہم کرنے کا ضامن قرار دیا جاتا ہے۔
حاملہ خواتین کے لیے مفید
غذائیت اور شفائی اجزاء سے بھرپور ایواکاڈو میں فولیٹ کثیر و مناسب مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ جو حاملہ خواتین کی صحت و تندرستی کے لیے نہایت اہم وکلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ Mc Gill یونیورسٹی کی حالیہ ریسرچ کے مطابق فولیٹ کی کمی کے باعث 30% بچوں میں پیدائشی طور پر نقص پایا جاتا ہے ۔ چنانچہ ڈاکٹر و گائنا لوجسٹ حاملہ خواتین کو اسقاطِ حمل کے خدشے کو کم کرنے اور صحت مند و تندرست بچے کی پیدائش کے لیے فولیٹ کی خوبیوں سے بھر پور غذائیں اپنی خوراک میں شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
ڈپریشن سے نجات
چونکہ ایواکاڈو کا شمار فولیٹ کی اچھی خاصٰ رسد پہنچانے والے پھلوں میں ہوتا ہے اور یہ ہمیں بیماریوں سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ فولیٹ کی سب سے اہم خاصیت یہ بھی ہے کہ اس کا باقاعدگی سے مسلسل استعمال ڈپریشن کو کم کرنے میں موثر کردار ادا کرتا ہے۔ ایوا کاڈو نیند کی کمی ، بھوک نہ لگنا اور موڈ میں چڑ چڑے پن جیسی پریشانیوں کو دور کرنے میں بھی معاون کا کردار ادا کرتا ہے۔
وزن کم کرنے میں معاونت
ایواکاڈو وزن کو کم کرنے کے لیے انتہائی پسندیدہ پھل سمجھا جاتاہے ۔
ایوکاڈو میں کاربوہائیڈریٹس نہایت قلیل مقدار میں موجود ہوتے ہیں جس کی بدولت
وزن کم کرنے میں نہایت آسانی ہو جاتی ہے اور صحت بھی اچھی رہتی ہے۔
چونکہ ایواکاڈو میں فائبر کی تعداد کثیر مقدار میں موجود ہوتی ہیں اس لیے اس کے استعمال پیٹ بھرا بھرا رہتا ہے اور بھوک کا احساس بھی کم ہوتا ہے اور غذائیت بخش اجزاء کی مناسب مقدار جسم کو حاصل ہوتی رہتی ہے
No comments:
Write comments